پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دیدی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 72 رنز سے شکست دے دی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم کی ذمہ دارنہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 189 رنز بنائے جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز ہی بنا سکی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسے 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کپتان کائل کوٹزر 9 اور وکٹ کیپر بلے باز میتھیو کراس 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ ڈیلن بج کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ مائیکل لیسک نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔ بیرنگٹن نے نصف سنچری بھی اسکاٹ لینڈ کے کوئی کام نہ آئی۔
قومی ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے 2، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں میچ کے آغاز پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو محمد رضوان صرف 15 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے لیکن اس دوران انہوں نے کلینڈر ایئر میں 1666 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنا کر کرس گیل کا سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے فخر زمان ایک بار پھر ناکام رہے، وہ 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔ محمد حفیظ نے 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان بابراعظم نے ایک بار پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔ بابراعظم 66 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 54 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین نصف سنچری بنانے کا ریکارڈ بھی بنا لیا جبکہ رواں ایونٹ میں تیز ترین نصف سنچری بھی 18 ہی گیندوں پر بھارت کے کے ایل راہل نے سکاٹ لینڈ ہی کے خلاف بنائی تھی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کرس گریوز نے 2، صفیان شریف اور حمزہ طاہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر بھارت کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے انتہائی اہم میچ افغانستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 125 رنز کا ہدف دیا جو کیویز نے 18.1 اوور میں پورا کر لیا۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں پُراعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا، مارٹن گپٹل 28 اور ڈیرل مچل نے 17 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان کین ولیمسن 40 اور ڈیوڈ کونوے 36 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں افغانستان کے ابتدائی بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں تاہم نجیب اللہ نے گرتی ہو بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور قیمتی 73 زنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کا مجموعی سکور 124 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نجیب اللہ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑا سکور نہیں کر سکا۔ صرف گلبدین نائب اور محمد نبی ہی ڈبل فگر کراس کر سکے یوں افغانستان مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بنا سکی تھی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3، ٹم ساوتھی نے 2 اور ایڈم ملنے، ایش سوڈھی، جیمز نشام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ اس کے ساتھ ہی ٹی ٹوئںٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کی صورتحال بھی واضح ہو گئی، نیوزی لینڈ کی رسائی کے بعد بھارت کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی تمام امیدیں ختم ہو گئیں اور وہ ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے۔
دوسری جانب میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو گا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم انگلینڈ سے ٹکرائے گی۔