عوام کی آواز

بونیر میں ٹریفک وارڈن کی صحافی کو قتل کی دھمکی، جرگے کا عدالت جانے کا فیصلہ

سی جے عظمت تنہا

بونیر میں چغرزی کے نمائندہ جرگہ نے ٹریفک وارڈن کی دھمکی کے خلاف صحافی نصیب یار چغرزی کے حق میں متفقہ مزمتی قرارداد منظور کرلی۔

چغرزی کے نمائندہ جرگہ نے چغرزی سے تعلق رکھنے والے ٹرائبل نیوز نیٹ ورک ( ٹی این این) و مشرق ٹی وی، ڈان نیوز اور روزنامہ نوائے پاکستان کے نمائندہ نصیب یار چغرزی کے حق میں قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد میں بونیر ٹریفک وارڈن سید نور کی جانب سے نصیب یار چغرزی کو دی جانیوالی قتل کی دھمکی کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی اور ٹریفک وارڈن کے خلاف اعلیٰ حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

جرگہ سے قرارداد پیش کرتے ہوئے جماعت اسلامی سرکل چغرزی کے امیر بحرالعلوم نے کہا کہ ہم سب نصیب یار چغرزی کے ساتھ ہیں اور بونیر ٹریفک وارڈن کے اس آمرانہ رویے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی نصیب یار چغرزی کے حق کے لئے ٹریفک وارڈن کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکٹائیں گے۔

ان کے بقول نصیب یار چغرزی نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی صحافت کی ہے اور جہاں بھی کسی محکمے کی غفلت نظر آئی ہے اسے بلاجھجک حکام بالا کی نظر میں لانے کی پوری کوشش کی ہے۔جرگے نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ٹریفک وارڈن کے خلاف قانونی کارروائی کرکے ان سے اپنے کئے کی معافی دلوائی جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی اور بونیر کے بازاروں میں ٹریفک کی ابتر صورتحال کی وجہ سے عوام کو پیش آنیوالے مشکلات پر نصیب یار چغرزی نے روزنامہ نوائے پاکستان میں ایک خبر شائع کی تھی جو کہ وارڈن کو ناگوار گزری اور گزشتہ روز صحافی نصیب یار چغرزی سے سامنا کرنے کے بعد انہیں قتل کی دھمکی دے گئے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button