آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ: نمیبیا نے نیدرلینڈز کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کردیا
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں نمیبیا نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے ساتویں میچ میں نمیبیا کے کپتان نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی ،جس پر نیدرلینڈز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کے اوپنرز میکس اوڈاوڈ اور اسٹیفن مائی براہ نے پہلی وکٹ پر 42 رنز کی شراکت بنائی، مائی براہ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد رولف وین ڈر مرو بھی چلتے بنے۔ کولن ایکرمین اور او ڈاوڈ نے تیسری وکٹ پر 82 رنز کی شراکت بنائی، ایکرمین 35 اور میکس او ڈاوڈ 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
نمیبیا کی جانب سے جین فرائی لنک نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ نمیبیا نے 165 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19 اوورز میں حاصل کرلیا۔ نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 66 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی کامیابی دلوائی۔
ان کے علاوہ کپتان اراسمس نے 32 اور اسٹیفن بارڈ نے 19 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ نیدر لینڈز 2 میچز میں شکست کے بعد ورلڈکپ کوالیفائرز سے باہر ہوگیا۔