”خدا کا شکر ہے بحریہ دسترخوان سے دو وقت کا کھانا تو مفت مل جاتا ہے”
نشاء عارف
شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے گل داد ان دنوں کافی پریشان ہیں کیونکہ کئی دنوں سے ان کی والدہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) پشاور میں والدہ داخل ہے، علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات ایک طرف کھانے پینے کے لئے بھی ان کے پاس پیسے ناکافی ہیں تاہم وہ ؒخوش ہیں کہ انہیں کم از کم دو وقت کا کھانا مفت مل جاتا ہے۔
ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں گل داد نے بتایا، ”ہم غریب لوگ ہیں، شمالی وزیرستان سے آئے ہیں، ایک دو دن تو باہر کینٹین سے کھانا چائے لے کر آئے، مگر ہم جیسے غریب لوگ وہ بھی برداشت نہیں کر سکتے تھے لیکن اب خدا کا شکر ہے کہ بحریہ دسترخوان سے دوپہر اور رات کا کھانا تو مفت مل جاتا ہے۔”
اس حوالے سے بحریہ دسترخوان ایل آر ایچ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ادھر روزانہ 12 سو لوگوں کو مفت کھانا کھلایا جاتا ہے، پورے پاکستان میں 100 سے زائد بحریہ دسترخوان ہیں جن میں 4 خیبر پختون خواہ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک لیڈی ریڈنگ ہسپتال، ایک سیدو شریف ہسپتال، ایک ایوب میڈیکل ہسپتال جبکہ ایک ایچ ایم سی میں ابھی کچھ دن پہلے کھولا گیا ہے، ”بحریہ دسترخوان لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر 6 سو بندوں کو دوپہر جبکہ 6 سو بندوں کو رات کا کھانا مفت دیا جاتا ہے، یہاں کل 17 بندے کام کرتے ہیں جن میں سے 8 کھانا بنانے کے کام پر مامور ہیں۔”
اہلکار کے مطابق کورونا سے پہلے ڈائننگ ہال میں کھانا دیا جاتا تھا جس میں خواتین کے لیے الگ پردے کا انتظام موجود تھا لیکن اب کورونا کی وجہ سے کھانا الگ الگ ڈسپوزیبل ڈبوں میں پیک کیا جاتا ہے اور لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، ”دوپہر 12:30 سے جبکہ رات کا کھانا 5:45 سے شروع کیا جاتا ہے۔”
دوسری جانب رشیدہ بھی مردان سے اپنی بیٹی کے ساتھ آئی ہیں جو لیڈی ریڈنگ ہسپتال گائنی وارڈ میں داخل ہے، گائنی وارڈ کے ساتھ نزدیک بحریہ دسترخوان سے کھانا مل جاتا ہے،جس پر وہ بہت خوش ہیں اور کہتی ہیں کہ اگر ناشتہ بھی مفت مل جاتا تو اور بھی بہتر ہوتا، ”کیونکہ غریب لوگ ہسپتال میں دوائیوں کا خرچہ برداشت نہیں کر سکتے تو کھانا کیسے کھا سکتے ہیں، لیکن جب بھوک لگے تو پیٹ تو کھانا مانگتا ہے، اچھا ہے کہ یہ دو وقت کا کھانا مفت تو مل جاتا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دو یا تین اس طرح کہ فری کینٹین ہونے چاہئیں کہ سب کو آسانی کے ساتھ مفت کھانا مل سکے۔
بحریہ دسترخوان کے اہلکار کے مطابق ایسا کہا جاتا ہے کہ ملک ریاض نے شروع میں 4 بندوں کو مفت کھانا کھلانا شروع کیا تھا اب پورے پاکستان میں 100 کے قریب دسترخوان کام کر رہے ہیں اور مستقبل میں اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا، لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں یہ پوری بلڈنگ ان کو مفت میں دی گئی ہے جہاں پچھلے 5 سالوں سے بحریہ دسترخوان قائم ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کھانا مفت تقسیم کیا جاتا ہے۔