سیاستکھیل

چارسدہ: 11 کروڑ کی لاگت سے بچھائی جانے والی آسٹروٹرف کا افتتاح

چارسدہ: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے 11 کروڑ کی لاگت سے بچھائی جانے والی آسٹروٹرف کا افتتاح کر دیا، آسٹروٹرف بیلجیئم سے منگوائی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب میں ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک، ہاکی کوچ و انٹرنیشنل پلیئر سید ضیاءالرحمان بنوری سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں، وزیراعلیٰ محمود خان نے شاٹ لگا کر آسٹروٹرف کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سات آسٹروٹرف تیار ہیں جبکہ جلد ہی ان کی تعداد پندرہ ہو جائے گی، باقی آسٹروٹرف پر کام جاری ہے جبکہ حال ہی میں صوابی، بونیر اور ملاکنڈ کے لئے بھی آسٹروٹرف کی منظوری دی ہے۔

وزیراعلی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں پندرہ آسٹروٹرف ہوں گی، خیبر پختونخوا ہاکی لیگ کے انعقاد سے پاکستان کے وہ پلیئرز جو انٹرنیشنل سطح پر ملک کی نمائندگی کرتے ہیں اپنے لوکل کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں گے جس سے ان کے کھیل میں مزید نکھار آئے گا۔

ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ 151 کھیلوں کی سہولتیں تیار ہو چکی ہیں جبکہ باقی پر کام جاری ہے جو جلد ہی تیار ہو جائیں گی جنہیں ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ساڑھے پانچ ارب کا نیا منصوبہ لایا گیا ہے جس سے یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، ”وزیراعظم عمران خان کے وژن کو آگے لے کر چل رہے ہیں جس سے بڑی کامیابیاں مل رہی ہیں، میڈلسٹ کھلاڑیوں کو بیرون ممالک ٹریننگ دینے کا بھی منصوبہ ہے جس کا مقصد کھلاڑیوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانا اور انہیں انٹرنیشنل مقابلوں کے لئے تیار کرنا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ جلد ہی انٹرسکولز کرکٹ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لئے ڈھائی سو ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جن کا انتخاب میرٹ پر کیا جا رہا ہے، ان مقابلوں سے بیس ہزار طلباء کو ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملے گا اور بہترین کھلاڑیوں کو مزید ٹریننگ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پرفارمنس سینٹر بھجوایا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button