جرائم

صوابی بینک ڈکیتی کے لئے ملزمان کراچی کا تجربہ لے کر آئے تھے

صوابی میں پولیس نے دو روز قبل بینک ڈکیتی میں 65لاکھ روپے لوٹنے والے ڈکیت گروپ کے سات ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

صوابی کے حبیب بینک چھوٹا لاہور برانچ میں جمعہ کے سہ پہر چار بجے کے قریب سات افراد اسلحہ سمیت داخل ہوئے اور سکیورٹی گارڈ سمیت تمام عملے کو یرغمال بنا کر  بینک سے مبلغ 64لاکھ 6ہزار 857روپے لوٹ کر فرار ہو گئے اور بینک کو باہر سے تالہ لگا دیا۔

ملزمان نے بینک سکیورٹی گارڈ سے بارہ بور رپیٹر اور دوعدد  تیس بور پستول بھی چھین کر اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس نے اسی دن بینک منیجر کی رپورٹ پر ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کردی تھی اور شک کی بنا پر وقوعے کے ادھے گھنٹے بعد ہی ایک شخص کو گرفتار کر دیا تھا جس نے دیگر ساتھیوں کے نام اگل دئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دو دن میں مختلف چھاپوں کے دوران ڈکیت گروہ کے 7 ارکان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے لوٹی ہوئی رقم سے 35 لاکھ 10 ہزار پانچ سو  روپے ، اسلحہ، موٹر کار اور موٹر سائیکل بر آمد کر لی ہے۔

گرفتار ملزمان کا تعلق کوہاٹ، پشاور اور صوابی سے ہے جو کہ اس سے قبل کراچی میں پانچ ڈکیتیوں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں جیل جا چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق گینگ کے بیشتر ارکان کراچی جیل سے رہا ہو کر کچھ عرصہ قبل صوابی آگئے تھے اور یہی بینک ڈکیتی کے لئے چند دیگر مقامی افراد کے ساتھ منصوبہ بنایا۔

گینگ کے بعض ممبران قتل کے مقدمات میں ضلع کوہاٹ سے اشتہاری بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والے ڈکیت گروہ کے ارکان میں ذوہیب ولد عبدالرحمان سکنہ لاہور صوابی محمد جاوید ولد زرناب گل سکنہ لاچی کوہاٹ انعام ولد امیر زادہ سکنہ لاہور صوابی  راج ولی ولد امیر زادہ سکنہ لاہور نورنگ زیب ولد شریف خان سکنہ کوہاٹ شاہ حسین عرف گامو ولد شاہد سکنہ کوہاٹ شہاب ولد محمد ولی سکنہ یارحسین ضلع صوابی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو حجرے میں ٹہرانے اور بلانے والے گروپ کو بھی جلد بے نقاب اور باقی رقم بھی جلد ریکور کر لی جائے گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button