صحت

پشاور میں کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی وائرس بھی سر اٹھانے لگا

پشاور میں عالمی وبا کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی وائرس بھی سر اٹھانے لگا۔

ذرائع کے مطابق، 24 گھنٹے کے دوران 110 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبے کے دوسرے بڑے ہسپتال خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کے 21 متاثرہ مریضوں کو داخل کرادیا گیا ہے۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں میں 9 خواتین، 18 سال سے کم عمر 2 افراد اور 10 مرد شامل ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زیادہ تر مریضوں کا تعلق پشاور کے ملحقہ مختلف علاقوں سے ہے جن میں تہکال، اکیڈمی ٹاون، سفید ڈھیری، دانش آباد، سربند اور لنڈی کوتل وغیرہ شامل ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 1113 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 130 مثبت اور 983 منفی ٹیسٹ آئے ہیں جب کہ یکم ستمبر سے 19 ستمبر تک 16 ہزار 23 ڈینگی ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 2 ہزار110 مثبت اور 13 ہزار 913 ٹیسٹ منفی آچکے ہیں۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں گزشتہ دو روز میں اضافہ ہوا ہے۔ ہسپتال میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ صوبے میں رواں سال 4 ہزار 442 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں 305 ڈینگی کے مصدقہ کیسز ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button