تعلیمی اداروں کی بندش کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں: این سی او سی
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سوشل میڈیا پر تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق افواہوں کی تردید کردی ہے۔
این سی اوسی کے مطابق ملک میں 6 تا 30 ستمبر تعلیمی اداروں کی بندش کی بات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور این سی او سی کے اجلاس میں ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ ملک میں 6 ستمبر سے 30 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے.
دوسری جانب ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 98 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مجموعی اموات کی تعداد 26 ہزار 330ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 316 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 86 ہزار 234 ہوگئی۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 52 ہزار 314 کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔گزشتہ24گھنٹے میں مثبت کیسز کی شرح 6.33 فیصد رہی۔