اسلام آباد: امن کانفرنس افغانستان کی درخواست پر ملتوی
افغانستان سے متعلق اسلام آباد میں ہونے والی امن کانفرنس افغانستان کی درخواست پر ملتوی کر دی گئی۔
وزارت خارجہ نے افغانستان سے متعلق تین روزہ کانفرنس ملتوی ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اسلام آباد میں 17 جولائی سے ہونے والی کانفرنس عیدالاضحٰی کے بعد تک ملتوی کی گئی، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کانفرنس افغانستان کی درخواست پر ملتوی کی گئی، 3 روزہ کانفرنس میں مختلف افغان رہنماؤں کو دعوت دی گئی تھی تاہم افغان طالبان کو دعوت نہیں دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جن مندوبین کو دعوت دی گئی تھی انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد لایا جانا تھا، ان رہنماؤں میں افغان اعلیٰ قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ، سابق صدر حامد کرزئی، حزب اسلامی کے رہنما گل بدین حکمت یار، چیئرمین مسعود فاونڈیشن احمد ولی اور سابق نائب صدر احمد ضیاء مسعود سمیت دیگر اہم رہنما شامل تھے۔
خیال رہے کہ خبر ایجنسی رائٹرز کے صحافی دانش صدیقی افغانستان میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔