کھیل

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دیدی 

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو دلچسپ مقابلے کے بعد 15 رنز سے شکست دے دی۔

ابوظہبی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں عثمان خواجہ کی سنچری کی بدولت پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 247 رنز بنا دیا جس کے جواب میں پشاور زلمی نے 6 وکٹ کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عثمان خواجہ اور کولن منرو نے ٹیم کو 98 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، منرو 47 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1405573977062379523

آصف علی نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 14 گیندوں پر 43 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے, عثمان خواجہ نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری سکور کی وہ 56 گیندوں پر 105 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے ثمین گل اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یونائیٹڈ کی جانب سے دیئے گئے اس پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو حضرت اللہ زازئی پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد امام الحق بھی صرف 7 رنز بنا سکے تاہم کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی وہ 32 گیندوں پر 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک نے نصف سنچری سکور کی وہ 36 گیندوں پر 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ رومن پاول 14 اور شیرفن رتھرفورڈ  8 گیندوں پر 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے۔

عمید آصف 20 اور وہاب ریاض 28 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے عاقف جاوید نے 3، حسین طلعت نے 2 اور ایک وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button