ہرارے ٹیسٹ: پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 426 رنز بنا کر آؤٹ
پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں فواد عالم کی شاندار بلے بازی کے باعث 426 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو فواد عالم 108 اور حسن علی 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم حسن علی اپنے انفرادی سکور میں 6 رنز کے اضافے کے بعد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
نئے آنے والے بلے باز نعمان علی تھے جو پہلی ہی گیند پر گولڈن ڈک کا شکار ہوئے جبکہ ساجد خان نے 7 رنز بنائے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فواد عالم تھے جو 20 چوکوں کی مدد سے 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزارابانی نے 4 اور ڈونلڈ ٹریپانو نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلی اننگز میں 250 رنز کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ کھانے کے وقفے تک زمبابوے نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 36 رنز بنالیے ہیں، اس وقت کھانے کا وقفہ ہے۔
خیال رہے کہ زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔