کھیل

زلمی جیتی بازی ہار گئے، بابر اعظم، محمد نبی نے کنگز کی نِیا پار کرا دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا 189 رنز کا ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور محمد نبی نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ بابراعظم 77 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ محمد نبی نے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس سے پہلے کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 34 کے مجموعی اسکور پر پشاور زلمی کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔

کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 30 رنز پر گری جب کامران اکمل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسری وکٹ  کراچی کنگز کے عباس آفریدی نے ٹام کوہلر کیڈمور کی لی۔

زلمی کو 34 رنز پر تیسری وکٹ کا نقصان شعیب ملک کی صورت میں اُٹھانا پڑا، محمد الیاس نے شعیب ملک کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیجا۔

پشاور زلمی کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے۔ وہ 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

چار کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد روی بپارا اور شرفین ردرفورڈ نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ ردرفوڈ 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز نے آخری اوور تک پشاور زلمی کے سکور کو قابو کئے رکھا لیکن کرسچن نے آخری اوور میں 32 رنز دیکر مضبوط ہدف فراہم کرنے کا موقع دیا۔

جواب میں کراچی کنگز کا آغاز بھی متاثرکن نہ تھا اور محمد عرفان نے کراچی کنگز کے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان کو پہلی گیند پر پویلین واپس بھیج دیا اور ٹیم کے لیے اچھی شروعات کیں۔

دوسری وکٹ میں جوکلارک اور بابراعظم کے درمیان صرف 22 رنز بن سکے کیونکہ محمد عرفان نے ایک اور وکٹ حاصل کرلی۔

جوکلارک 14 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کے کولن انگرام آج پھر مشکلات میں گھرے ہوئے نظر آئے اور محض 3 رنز کا اضافہ کرکے ثاقب محمود کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

محمد نبی نے مشکلات سے دو چار کراچی کنگز کو نہ صرف اس دباؤ سے نکالا بلکہ جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

پشاور زلمی کی ناقص فیلڈنگ بھی کراچی کنگز کو سنبھلنے کا ذریعہ بنی کیونکہ محمد نبی جب 20 رنز پر کھیل رہے تھے تو ان کا کیچ گرا دیا گیا۔

محمد نبی 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کا اوپنر بابر اعظم 77  رنز پر ناٹ آوٹ رہے جبکہ کرسچن نے بھی مشکل حالات میں صرف نو بالز پر سترہ رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔

 

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button