اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بابر اعظم اور شرجیل خان کی شاندار بیٹنگ اور ریکارڈ پارٹنر شپ کی بدولت کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 197 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد نے 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
پاکستان سپرلیگ کے چھٹے میچ میں آج دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے تھیں۔ کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد کراچی کنگز کے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اسلام آباد کے بولرز کی درگت بنادی۔
دونوں بیٹسمینوں نے پی ایس ایل میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بنادیا۔ بابر اور شرجیل نے پہلی وکٹ پر 115 گیندوں پر 176 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
اس سے قبل پی ایس ایل کی سب سے بڑی شراکت 157 رنز کراچی کنگز کے بابر اعظم اور لونگ اسٹون نے بنائی تھی۔
اس دوران شرجیل خان نے پی ایس ایل 6 کی پہلی سنچری اسکور کی۔ شرجیل خان نے 55 گیندوں پر8 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی وہ 105 اور بابر 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ڈینیئل کرسچئن 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد نبی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اسلام آباد کی جانب سے حسن علی اور حسین طلعت نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔