کابل، یو این قافلے پر طالبان کا حملہ، 5 افغان سکیورٹی اہلکار جاں بحق
افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن نے بتایا ہے کہ صوبہ کابل میں اقوام متحدہ کے قافلے پر حملہ کے نتیجہ میں 5 افغان سکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشن یوناما نے تصدیق کی کہ اس حملے میں اقوام متحدہ کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا، حملہ دارالحکومت کابل سے باہر سروبی علاقے میں ہوا۔
یوناما نے ٹویٹر پر لکھا کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کو کابل کے علاقے سوروبی میں ہونے والے حملے میں افغانستان پروٹیکشن سروس ڈائریکٹوریٹ کے پانچ اہلکاروں کے جاں بحق ہونے پر افسوس ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے میں اقوام متحدہ کا کوئی بھی ملازم زخمی یا ان کی گاڑی متاثر نہیں ہوئی، افغان پروٹیکشن سروس ڈائریکٹوریٹ کی ایک گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے تباہ ہو گئی اور اس پر سوار پانچ اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی رمیز اکبروف نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ افغانستان میں تشدد ختم ہونا ضروری ہے۔
حالیہ مہینوں کے دوران افغانستان میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے حالانکہ طالبان اور افغان حکومت ستمبر سے قطر میں امن مذاکرات میں مصروف ہیں، دوحہ میں ہونے والے یہ مذاکرات ابھی تک کسی نتیجے تک نہیں پہنچے ہیں۔
دوسری طرف کچھ روز قبل طالبان نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ گزشتہ سال 29 فروری کو طے پانے والے امن معاہدے سے پیچھے ہٹا، تو اس سے افغان جنگ میں خطرناک تیزی آئے گی اور بڑی جنگ چھڑ سکتی ہے۔