امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا
جو بائیڈن نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا اور وہ امریکا کے 46 ویں صدر بن گئے۔ امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے جوبائیڈن سے عہدے کا حلف لیا اور یوں انہوں نے باقاعدہ طور پر منصب سنبھال لیا ہے۔
قبل ازیں امریکا کی پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدرکمالہ ہیرس نے بھی عہدے کا حلف اٹھایا اور یوں وہ امریکا کی پہلی سیاہ فام خاتون نائب صدر بن گئی ہیں۔ کیپٹل ہل میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں سابق صدور براک اوباما، بل کلنٹن اور جارج بش بھی شریک ہیں۔
تاہم سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، بائیڈن کی تقریب حلف برداری سے پہلے ہی وائٹ ہاؤس چھوڑ کر چلے گئے، وہ 150 سالہ امریکی تاریخ میں پہلے امریکی صدر ہیں جنہوں نے نئے آنے والے صدرکی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کی۔
دوسری جانب کسی بھی گڑبڑ کے خدشات پر کیپٹل ہل کی عمارت کے گرد آہنی باڑ لگادی گئی اور 25 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کیے گئے تھے۔ کورونا اور سیکیورٹی خطرات کے باعث تقریب میں شرکت سے روکے گئے 2 لاکھ امریکیوں کی نمائندگی جھنڈوں سے کی گئی۔