نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کے لیے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کے لیے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا جس میں بابراعظم اور امام الحق پہلے ٹیسٹ میں جگہ نہیں بناسکے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ میں محمد رضوان (پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے کپتان)، سرفراز احمد، شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ دائیں انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
بابراعظم 13 دسمبر کو انجرڈ ہوئے اور انہیں 12 روز آرام کا مشورہ دیا گیا ہے جب کہ پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر کو شروع ہونا ہے جس کی وجہ سے امکان یہی ظاہر کیا جا رہا تھا کہ بابر اعظم بروقت فٹ نہیں ہو سکیں گے اور آج پی سی بی نے اعلان کر دیا کہ وہ پہلے ٹیسٹ میں دستیاب نہیں ہوں گے، بابراعظم کے نائب محمد رضوان پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتانی کریں گے۔
بابراعظم پہلے ہی انجری کی وجہ سے ون ڈے سیریز کا حصہ نہیں ہیں اور بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہے، وہ بھی پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں، دونوں کرکٹرز نے تاحال کرکٹ ٹریننگ شروع نہیں کی ہے۔
ٹور سلیکشن کمیٹی نے اوپنر عمران بٹ کو 17 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے، انہوں نے پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنائی ہے۔
نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد 4 روزہ میچ میں پاکستان شاہینزکی نمائندگی کرنے والے عابد علی، اظہرعلی،حارث سہیل، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس اور نسیم شاہ 23 دسمبر کو ترنگا میں قومی ٹیسٹ سکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔