کابل پر راکٹ حملے، 8 افراد جاں بحق متعدد زخمی
افغان دارالحکومت کابل پر راکٹ حملوں کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
افغان میڈیا کے مطابق ہفتے کی صبح دارالحکومت میں 2 آئی ای ڈی دھماکے ہوئے جس کے تقریباً ایک گھنٹے بعد دو سمتوں سے کابل کے چہل ستون اور ارزان قیمت کے علاقوں پر راکٹوں کی بارش کر دی گئی۔
افغان وزارت داخلہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں 23 راکٹ حملوں کی تصدیق کی جس میں مارکیٹوں اور رہائشی علاقوں پر بھی راکٹ فائر کیے گئے جب کہ ایک راکٹ کابل میں موجود ایرانی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں بھی گرا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
افغان میڈیا کے مطابق راکٹ حملوں کے نتیجے میں اب تک 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں شاہراہِ نیو ایریا کے ایمرجنسی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق ہسپتال ذرائع نے راکٹ حملوں میں 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ دوسری جانب طالبان نے راکٹ حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔