بین الاقوامی

امریکا انتخابات: جوبائیڈن کو صدر بننے کے لیے صرف 6 الیکٹورل ووٹ درکار

امریکا میں صدارتی انتخاب کے نتائج سامنے آنے کے بعد ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن جیت کے انتہائی قریب پہنچ گئے۔ امریکی عہدہ صدارت پر براجمان ہونے اور وائٹ ہاؤس کا مہمان بننے کے لیے صدارتی امیدوار کو 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 264 اور ری پبلکن امیدوار امریکی صدر ٹرمپ نے اب تک 214 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن مشی گن سے 16 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جس کے  بعد ان کے ووٹوں کی تعداد 264 ہوگئی ہے اور اس طرح جوبائیڈن کو وائٹ ہاؤس تک پہنچنے کے لیے صرف 6 ووٹ درکار ہیں۔ امریکا میں اب بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور اب صرف 5 ریاستوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

ان چاروں ریاستوں میں الیکٹورل ووٹوں کی تعداد56 ہے لہٰذا چاروں ریاستوں میں جیتنے پربھی ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹ 268 ہوجائیں گے جو صدارتی کی کرسی پر بیٹھنے کے لیے 2 ووٹ کم ہیں۔

امریکی میڈیا کا بتانا ہےکہ ایک ریاست میں بائیڈن اور  4 میں ٹرمپ کو برتری حاصل ہے جب کہ 6 الیکٹورل ووٹوں پرمشتمل نیواڈا میں جوبائیڈن ٹرمپ سےآگے ہیں۔ ٹرمپ کوپنسلوینیا، نارتھ کیرولینا، جارجیا اور الاسکامیں برتری حاصل ہے جب کہ نیواڈا میں 75 فیصدووٹوں کی گنتی ہوچکی ہے جہاں سے جوبائیڈن کو 8 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن نے 29 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے نیویارک سے میدان مار لیا ہے اور کولوراڈو سے بھی 9 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ساؤتھ ڈکوٹا سے 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے اور نارتھ ڈکوٹا سے بھی 3 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جب کہ ٹرمپ الاباما سے بھی 9 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔

جوبائیڈن اوریگن سے 7، واشنگٹن سے 12 اور کیلی فورنیا سے 55 الیکٹورل ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹس نے ریاست ایری زونا میں کامیابی حاصل کرلی ہے جہاں سے 2016 کے انتخابات میں ٹرمپ کامیاب ہوئےتھے۔

ریاست اوہائیو سے ٹرمپ نے 18 الیکٹورل ووٹ حاصل کر لیے اور ٹیکساس سے انہیں 38 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں۔ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا بھر میں ہماری پوزیشن مستحکم نظر آرہی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق انڈیانا، نبراسکا، اوکلاہوما،کنٹکی میں ڈونلڈٹرمپ کامیاب ہوگئے ہیں۔

صدارتی انتخاب میں ڈرامائی موڑ آگیا ہے اور 3 سوئنگ اسٹیٹس مشی گن، وسکونسن نیواڈا سمیت ایری زونا میں بائیڈن جیت رہے ہیں ،ان ریاستوں میں کامیابی کی صورت میں وائٹ ہاؤس جانے کے لیے درکار 270 الیکٹورل ووٹ بائیڈن کے ہوجائیں گے۔

دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان کی 435 نشستوں پر بھی انتخابات کےنتائج سامنے آرہے ہیں جن میں ڈیموکریٹس 204 اور  ری پبلکنز 190 نشستوں پرکامیاب ہوئے ہیں جب کہ ایوان نمائندگان پرکنٹرول کے لیے 218 نشستیں درکار ہیں۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مکمل نتائج سے قبل ہی انتخاب میں کامیابی کا دعویٰ اور ساتھ ہی فراڈ کا الزام بھی لگاتے ہوئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا ہے۔ ٹرمپ کاکہنا ہے کہ نتائج آتے آتے رک گئے ہیں ، ایسا نہیں ہوسکتاکہ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد ووٹ موصول ہوں اور گنتی میں شامل کیے جائیں، صاف کہیں تو وہ الیکشن جیت گئے ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button