ترکی میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی
بحیرہ ایجیئن میں آنے والے طاقتور زلزلے کے بعد ترکی کے ساحلی شہر ازمیر اور یونان کے جزیرے ساموس میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے مطابق گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے بعد سے اب تک 31 طاقتور جھٹکوں سمیت 341 آفٹر شاکس آچکے ہیں۔
ترکی کے خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی کے مطابق ازمیر کے تاریخی شہر میں اب تک 25 افراد کی ہلاکت اور 804 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
ترکی کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ زلزلے سے متاثرہ 435 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جب کہ 364 کو علاج و معالجے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے اور 25 افراد آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ اے ایف اے ڈی کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشن میں 4000 رضاکار، درجنوں گاڑیوں اور تربیت یافتہ کتے حصہ لے رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یونان کے جزیرے ساموس میں بھی زلزلے کے باعث ایک بچے اور ایک بچی کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جب کہ درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بحیرہ ایجیئن میں آنے والے 7.0 شدت کے طاقتور زلزلے سے ترکی کا تاریخی شہر ازمیر اور یونان کا جزیرہ ساموس شدید متاثر ہوا تھا۔