کھیل

شاہین چھا گئے، پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 26 رنز سے شکست

پاکستان نے پہلے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی میں کھیلے جا رہے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم شاہین آفریدی اور وہاب ریاض کی زبردست بولنگ کی بدولت آخری اوور میں 255 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور عابد علی نے کیا تاہم 47 رنز کی اوپننگ شراکت کے بعد عابد علی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ امام الحق 58 رنز کی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہو گئے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1322143697748795394

ون ڈاؤن آنے والے کپتان بابر اعظم بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 19 رنز پر پویلین لوٹ گئے، 119 رنز پر 3 وکٹیں گنوانیں کے بعد حارث سہیل نے ٹیم کو سنبھالا اور 71 رنز کی اننگز کھیلی، 205 کے مجموعے پر حارث کے آؤٹ ہونے کے بعد عماد وسیم اور فہیم اشرف نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے باعث قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا سکی۔

پاکستان کے 281 سکور کے جواب میں زمبابوے کی جانب سے بی بی چھاری اور چی بھا بھا نے کھیل کا آغاز کیا تاہم شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں چھاری صرف 2 رنز اور اس کے کچھ دیر بعد چی بھا بھا بھی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد اروائن عماد وسیم کے ہاتھوں 42 رنز بنا کر آؤٹ جبکہ کین ولیمسن صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

115 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز برینڈن ٹیلر اور ویزلے مدیورے کے ساتھ مل کر 119 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں، ویزلے 55 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے تاہم ٹیلر نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ 112 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بنے۔

شاہین آفریدی اور وہاب ریاض کی آخری اوورز میں جاندار بولنگ نے بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا جب کہ زمبابوے کے سکندر رضا بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جب کہ وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button