پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ونڈے میچ آج کھیلا جائے گا
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا۔ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو سخت سیکیورٹی میں وہاں پہنچا دیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان اَن فٹ ہو کر زمبابوے کیخلاف پہلا ون ڈے میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ راولپنڈی میں دوپہر بارہ بجے شروع ہو گا۔ گزشتہ روز پی سی بی نے15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا جن میں حتمی 11 کھلاڑی آج میدان میں اتریں گے۔ شاداب خان کی انجری کے باعث عثمان قادر کو سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ امام الحق، فخر زمان، خوشدل شاہ ،فہیم اشرف، وہاب ریاض اورحارث رؤف بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
زمبابوے کےخلاف ٹیم کی کپتانی بابراعظم کریں گے۔عابد علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، عمادوسیم، عثمان قادر، شاہین آفریدی اور موسیٰ خان بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ بابر اعظم نے مختصر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور ٹیم کا مورال بھی بلند ہے۔ زمبابوے کے خلاف اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔ ہم کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لے سکتے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ اتوار کو ہوگا اور تیسرا میچ3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔