گلبدین حکمت یار تین دن کے دورے پر آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں
افغانستان کی حزب اسلامی کے رہنماگلبدین حکمت یاروفد کے ہمراہ پاکستان کے تین دن کے دورے پرآج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
گلبدین حکمت یار اس دورے کے دوران وزیراعظم اورصدر سے ملاقاتیں کریں گے، وہ چیئرمین سینیٹ، سپیکرقومی اسمبلی ،وزیرخارجہ اوردیگرشخصیات سے بھی ملیں گے۔ وہ ایک پالیسی تھنک ٹینک اورمیڈیا سے بھی بات چیت کریں گے۔
افغانستان کیلئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں لکھا کہ حزب اسلامی کے سربراہ اور افغانستان کے سابق وزیراعظم گلبدین حکمت یار 3 روزہ دورے پر پیر کو پاکستان پہنچیں گے، ان کا یہ دورہ 19 سے 21 اکتوبر تک ہوگا۔
گلبدین حکمت یارکایہ دورہ افغان امن عمل کے بارے میں خیالات کے تبادلے ، افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اورعوامی سطح پررابطوں کومضبوط بنانے کاموقع فراہم کرے گا۔
پاکستان نے افغانستان کی سربراہی میں افغان امن عمل کے ذریعے ایک وسیع البنیاد اورجامع سیاسی حل کی مسلسل حمایت کی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم افغانستان ایک ایسے وقت میں پاکستان آ رہے ہیں جب افغانستان میں امن کیلئے حکومت اور طالبان مذاکرات میں مصروف ہیں اور ساتھ ساتھ لڑائی بھی جاری ہے، امریکا وقت سے پہلے اپنی فوج کو افغانستان سے نکالنا چاہتا ہے جس کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار واضح اعلان کر چکے ہیں کہ ہم اپنی فوج کوامریکا واپس بلا لیں گے۔
قبل ازیں افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں تھیں۔