کھیل

لنڈیکوتل، محکمہ کھیل ضلع خیبر کے زیراہتمام انڈر 19 فٹبال ٹرائلز کا انعقاد

محکمہ کھیل ضلع خیبر کے زیراہتمام انڈر 19 فٹبال ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر سے پچاس سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی، لنڈی کوتل حمزہ بابا مزار کے ساتھ قائم سپورٹس گراؤنڈ پر کھلاڑیوں سے ٹرائلز لئے گئے۔

لنڈی کوتل حمزہ بابا مزار کے ساتھ قائم سپورٹس گراؤنڈ پر فٹ بال انڈر 19 ضلع خیبر کے ٹرائلز فٹ بال کے انٹرنیشنل کھلاڑی عتیق شینواری، انصاف سپورٹس کلچر ونگ خیبر کے صدر یارحمان آفریدی، اختر رسول شینواری، خیبر سپورٹس کلب کے جنرل سیکرٹری کلیم شینواری، واجد آفریدی کے زیرنگرانی شروع ہو گئے، ضلع خیبر سے تقریباً 20 رکنی فٹ بال ٹیم سلیکڈ کی جائے گی جس کا آئندہ ہفتے سے کیمپ بھی لگایا جائے گا جو انٹر ڈسٹرکٹس سے مدمقابل ہوں گے۔

اس موقع پر فٹ بال کے انٹرنیشنل کھلاڑی عتیق شینواری اور یارحمان آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ میرٹ کا دیکھتے ہوئے ٹرائلز لے رہے ہیں تاکہ ضلعی سطح پر ٹیلنٹ کو اجاگر کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ لنڈیکوتل میں کرکٹ کی طرح فٹ بال کے پلیئر بھی موجود ہیں جنہیں سپورٹ دے کر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک کا نام روشن کرنے کیلئے بروئے کار لایا جا سکتا ہے جبکہ اس طرح کے ٹرائلز ان کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جو ان کے مستقبل کیلئے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں جبکہ اگرچہ یہاں کھیلوں کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں بالخصوص ان کے گراونڈ کی حالت بہت خراب ہے جبکہ وہ اس ضمن میں محکمہ کھیل سے سہولیات دینے کی اپیل کرتے ہیں۔

انٹر نیشنل پلئر عتیق شینواری نے کہا کہ ضلع خیبر لنڈیکوتل کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جنہوں نے کھیل کے میدان میں ہمیشہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ۔

انہوں نے منتخب نمائندوں، محکمہ کھیل اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ لنڈی کوتل میں کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے کھلاڑیوں کے لئے سپورٹس کمپلیکس اور دیگر سپورٹس گراؤنڈ تعمیر کئے جائیں تاکہ علاقے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری اور کھلاڑیوں کی مشکلات میں کمی آ سکے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button