امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ بھی کورونا کا شکار
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد دونوں قرنطینہ میں چلے گئے ہیں, وزیراعظم خان نے دونوں کے لئے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ خاتون اول میلانیا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور ہم نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے, ہم اس وبا سے مل کر نمٹیں گے۔
قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ کی مشیر خاص ہوپ ہکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی مشیر خاص نے متعدد بار صدر ٹرمپ کے ساتھ سفر کیا تھا۔
ہوپ ہکس کلیو لینڈ مباحثے سمیت کئی مواقع پر ٹرمپ کے ساتھ سفر کیا تھا۔ مشیر خاص میں کورونا کی تشخیص کے بعد صدر ٹرمپ نے بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کرایا تھا۔
رپورٹ آنے سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ میں نے اپناکورونا ٹیسٹ کرایا ہے، اب رپورٹ کا انتظار ہے۔
ٹرمپ صدراتی مہم کے دوران مختلف ریاستوں میں جلسے کر رہے تھے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوتی تھی اور ماضی میں ٹرمپ ماسک پہننے سے انکار بھی کرتے رہے ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے لئے جلد کورونا سے صحتیابی کی خواہش ظاہر کی ہے۔