سعودی عرب کا جلد عمرہ بحالی کا اعلان
سعودی وزیر حج و عمرہ محمد صالح بن طاہر نے کہا ہے کہ عمرہ کی مرحلہ وار بحالی جلد شروع ہوجائے گی جس کے لیے لائحہ عمل طے کرلیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے العربیہ کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی اور کورونا احتیاطوں کے ساتھ عمرہ کے سفر کی بتدریج بحالی کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ہے اور جلد عمرہ سروس کا آغاز ہوجائے گا۔
عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مندوں کو سعودی عرب پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، زائرین کی سکریننگ کی جائے گی اور معمولی علامت پر بھی دوبارہ زائرین کا ٹیسٹ کیا جائے گا۔
سعودی عرب نے گزشتہ ہفتے پہلے مرحلے میں خلیجی ممالک اور غیر سعودی افراد کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد عمرہ بحالی پر بھی غور جاری تھا جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے کام لیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ ایک ایپ جاری کرے گی جس کے ذریعے عمرہ کے خواہشمند افراد اپنی آسانی کو پیش نظر رکھتے ہوئےعمرہ ادا کرنے کی تاریخ اور وقت کا تعین کریں گے۔ عمرہ پروگرام میں 30 سے زیادہ سعودی اور عالمی کمپنیوں کو کام کا موقع دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وبا کے باعث 26 فروری سے عمرے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے سعودی عرب آمد پر تاحکم ثانی عارضی پابندی عائد تھی اور رواں برس حج میں بھی سعودیہ میں مقیم صرف چند ہزار غیر ملکی تارکین وطن نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے حج ادا کیا تھا۔