کھیل

پاکستان نے دس سال بعد انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکست کھالی

پاکستان ٹیم ساؤتھمپٹن ٹیسٹ تو بچانے میں کامیاب ہو گئی لیکن سیریز 0-1 سے ہار گئی۔ انگلینڈ نے 10 سال بعد پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت لی۔ تیسرے ٹیسٹ میں فالوآن کا شکار پاکستان ٹیم نے دوسری اننگز میں چار وکٹ پر 187 رنز بنائے۔

بابر اعظم 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ جیمز اینڈرسن نے ٹیسٹ میں سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے 600 وکٹوں کا سنگ میل عبورکیا۔  ساؤتھمپٹن کا موسم ٹیم پاکستان کےلیے رحمت کا باعث بنا۔ ٹیسٹ کے آخری دن ابتدائی دوسیشن میں تو کھیل ہو ہی نہ سکا۔

 چائے کے وقفے کے بعد اظہر علی اور بابر اعظم میدان میں آئے ، لیکن جیمز اینڈرسن نے کپتان روٹ کی مدد سے اظہر کو میدان بدر کیا اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے 600 شکار مکمل کرلیے۔

اظہر 31 رنز بنا سکے ، اسد شفیق بھی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ابھی بابر اعظم کے 63 رنز  تھے جبکہ فواد عالم نے اپنے رنز کا کھاتا نہیں کھولا تھا کہ امپائرز نے کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کر دیا۔ بابر اعظم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 2 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔

سارے دن میں 27اعشاریہ ایک اوورز کا کھیل ہی ہو سکا۔ پاکستان ٹیم 4 وکٹ پر 187رنز بنا سکی۔ تیسرا ٹیسٹ تو ڈرا ہو گیا لیکن انگلینڈ نے 10 سال بعد پاکستان کے خلاف سیریز ایک صفر سے جیت لی۔ 267 رنز بنانے والے زیک کرولی مین آف دی میچ جبکہ جوز بٹلر اور محمد رضوان کو مشترکہ طور پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرا ٹیسٹ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button