مسجد میں گانے کی شوٹنگ: بلال سعید کی اللہ سے توبہ اور لوگوں سے معافی
لاہور کی مسجد وزیر خان میں ریکارڈنگ کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر کے بعد گلوکار بلال سعید نے بھی معافی مانگ لی۔
گلوکار بلال سعید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ مسلمان ہیں، مسجد کا تقدس پامال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، انتظامیہ گواہ ہے کہ مسجد میں میوزک نہیں چلایا گیا۔
بلال سعید نے کہا کہ فوٹو شوٹ کی غرض سے انہوں نے اور صبا قمر نے ایک چھوٹی سی حرکت کی، ڈانس کا تاثر غلط ہے، احساس ہے کہ غیر دانستہ طور پر غلطی ہوئی، اللہ سے توبہ اور لوگوں سے معافی مانگتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستانی گلوکار بلال سعید اور اداکارہ صبا قمر نے اپنے آنے والے گانے ‘قبول ہے’کی شوٹنگ کے دوران چند تصاویر اور ویڈیو شیئر کیں جو کہ مسجد وزیر خان کے اندر کی ہیں۔
ویڈیو شیئر کرانے کے بعد سے ہی فنکاروں کو شدید تنقید کا سامنا ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دونوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔