اشرف غنی کا جرگے سے 400 قیدیوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کی اپیل
افغان صدر اشرف غنی نے کابل میں جمع ہونے والے ہزاروں ممتاز شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 400 کے قریب قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کریں جن میں متعدد افغانوں اور غیر ملکیوں کو ہلاک کرنے والے شامل ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اشرف غنی نے زور دیا کہ اگر قیدیوں کو رہا کیا گیا تو امن مذاکرات کا آغاز ہو سکتا ہے جبکہ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سی بھی فیصلے کی بھرپور حمایت کریں گے۔
انہوں نے قبائلی عمائدین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے متنازع معاملات پر فیصلہ کرنے کے لیے روایتی افغان جرگے کا انعقاد کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے کہا تھا کہ اگر ان 400 کو رہا کر دیا گیا تو پھر تین دن کے اندر براہ راست مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو نہ صرف وہ جنگ جاری رکھیں گے بلکہ وہ اس میں شدت پیدا کریں گے لیکن قوم سے مشورہ کیے بغیر انہیں رہا کرنا ممکن نہیں تھا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی افغان جرگہ پر طالبان قیدیوں کی رہائی کے لیے زور دیا تھا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ جانتے ہیں طالبان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ غیرمقبول ہے لیکن یہ مشکل کام تشدد کے عمل کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔