کھیل

جو جیتی وہی ‘قلندرز’، زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست

پاکستان سپرلیگ کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو پانچ وکٹوں سے شکست دیدی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلئے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو اننگز کے آغاز میں ہی پشاور زلمی کا پہلا کھلاڑی ایک کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گیا۔

اگلے ہی اوور کی تیسری گیند پرسمت پٹیل نے  لیونگسٹن کی وکٹ حاصل کرلی۔ چوتھے اوور کی دوسری گیند پر کامران اکمل 8 گیندوں پر 12 رن بنا کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد شعیب ملک اور حیدر علی نے وکٹ پر قدم جمائے اور بڑی شراکت داری سے ٹیم کے سکور کو سہارا دیا۔

140 کے سکور پر پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ گری۔ شعیب ملک 43 گیندوں پر 62 رن بنا کر ڈیوڈ ویزی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 155 کے سکور پر زلمی کی پانچویں وکٹ گر گئی۔ لیوس گریگوری 4 گیندوں پر 8 رن بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

حیدر علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 42 گیندوں پر 69 رنز بنا کر دلبر حسین کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

169 کے سکور پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو صرف 1 کے سکور پر شاہین آفریدی نے بولڈ کردیا۔ کارلوس بریتھویٹ نے 16 اور حسن علی نے  7 رنز بنائے۔ اس  طرح 20 اوور مکمل ہونے پر پشاور زلمی نے 7 وکٹوں پر 187 رنز بنائے۔

لاہور قلندر کے باولرز شاہین آفریدی نے 3 اور سمت پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دلبر حسین نے اور ڈیوڈ ویزی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز کپتان سہیل اختر اور فخر زمان نے کیا تو ساتویں اوور کی دوسری گیند پر سہیل اختر 21  رن بنا کر رن آوٹ ہو گئے اور 50 کے سکور پر زلمی کی پہلی وکٹ گر گئی۔

15 اوور کا کھیل مکمل ہونے پر لاہور قلندر نے 1 وکٹ کے نقصان پر 135 رن بنالیے، سولہویں اوور کی پانچویں گیند پر کرس لین 59 رن کی شاندار اننگز کھیل کر آوٹ ہو گئے۔ کارلوس برتھویٹ کی گیند پر یاسر شاہ نے کیچ پکڑا۔

اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر فخر زمان وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے انہوں نے 63 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، 158 کے سکور پر لاہور قلندرز کی چوتھی وکٹ گر گئی۔ اٹھارہویں اوور کی دوسری  گیند پر محمد حفیظ 4 گیندوں پر صرف 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسی اوور میں لاہور قلندرز کے جارح بلے باز بین ڈنک 5 گیندیں کھیلنے بعد صرف 7 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، بریتھویٹ کی گیند پر بینٹن نے ان کا کیچ لیا۔

اس کے بعد ڈیوڈ ویزی آئے جنہوں نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر اس وقت چھکا لگایا جب لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 5 رنز درکار تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button