افغانستانعوام کی آواز
طورخم کے راستے افغان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ بدستور جاری

پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کی ملک بدری کا عمل بدستور جاری ہے۔ اس سلسلے میں 13 اپریل 2025ء کو طورخم بارڈر کے ذریعے 3345 افغان شہری اپنے وطن واپس چلے گئے، جن میں رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے اور بےدخل کئے گئے افراد دونوں شامل تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یکم اپریل سے 13 اپریل تک مجموعی طور پر 5072 افغان خاندانوں کو واپس افغانستان بھجوایا گیا، جن میں 46987 افغان مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ان افغان شہریوں کی واپسی ایک منظم اور احسن انداز میں کی گئی تاکہ انسانی ہمدردی کے تقاضے بھی مدنظر رکھے جا سکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طورخم سرحد پر افغان خاندانوں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جہاں حکومتی ادارے ان کی رجسٹریشن، سیکیورٹی چیکنگ اور واپسی کے انتظامات میں مصروف عمل ہیں۔