پاکستان سے افغان باشندوں کی واپسی جاری، مزید 12 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ افغانستان روانہ

طورخم بارڈر کے ذریعے پاکستان سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے۔ آج تیسرے روز بھی پنجاب سمیت مختلف شہروں سے 12 گاڑیوں پر مشتمل افغان خاندانوں کا قافلہ طورخم بارڈر پہنچا، جہاں کسٹم حکام نے کلیئرنس کے بعد انہیں افغانستان روانہ کر دیا۔
حکام کے مطابق اب تک 30 افغان خاندان پاکستان چھوڑ کر طورخم کے راستے افغانستان جا چکے ہیں، جبکہ لنڈی کوتل میں حمزہ بابا مزار کے قریب ہولڈنگ سنٹر کا تعمیراتی کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس مرکز میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو عارضی قیام کی سہولت دی جائے گی، جہاں نادرا کی موبائل وینز، کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے دفاتر بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ ان کی واپسی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے 8 لاکھ 50 ہزار افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جن کے پاس افغان سٹیزن کارڈ (ACC) موجود ہے۔ اس مقصد کے لیے ہولڈنگ سینٹرز میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور افغان باشندوں کی رجسٹریشن اور واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔