حامد کرزئی ائیرپورٹ کا نام کابل انٹرنیشنل ایئر پورٹ میں تبدیل
طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع حامد کرزئی ایئرپورٹ کا نام تبدیل کر کے کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ رکھ دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع حامد کرزئی ایئرپورٹ کے باہر لگے بورڈز کو ہٹا کر وہاں کابل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بورڈ لگا دیا گیا ہے جب کہ ٹرمینل پر طالبان کے متعدد جھنڈے لگائے گئے ہیں جن پر درج ہے امارت اسلامی دنیا بھر سے پرامن اور اچھے تعلقات کی خواہاں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر آئی تھی کہ افغانستان کی نئی حکومت کی اعلان کردہ وفاقی کابینہ 11 ستمبر کو حلف اٹھائے گی۔ طالبان نے افغانستان کی عبوری حکومت کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیراعظم ہوں گے جب کہ ملا عبدالغنی برادر اور مولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
نیٹو کو تیل کی سپلائی کے دوران بصارت سے محروم ہونے والے ارشاد کی کہانی
خاتون صحافی، کابل کا کٹھن سفر اور طالبان کی حکومت میں رپورٹنگ کی مشکلات
تاہم افغانستان کی نئی حکومت کی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی ہے۔ روس کی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق طالبان کی اعلان کردہ نئی حکومت کی تقریب حلف برداری ملتوی کر دی گئی ہے، اگرچہ ابھی تک اس کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب گذشتہ روزآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قطر کے نائب وزیر عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کی تھی۔
آئی ایس پی ار کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے افغانستان کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کے لیے پرعزم ہے۔