”زمین ہم نے دی تو ملازمتیں بھی ہمیں ملیں گی”
لنڈی کوتل، سلطان خیل خیبر ڈسپنسری میں غیرمقامی افراد کی تعیناتی کا انکشاف، مقامی لوگوں نے اصلاح احوال نہ ہونے کی صورت ڈسپنسری کو تالہ لگانے کی دھمکی دے دی۔
امتحان شاہ، نسراج اور شوکت کے ہمراہ لنڈی کوتل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شریف گل آفریدی نے کہا کہ خیبر سلطان خیل ہیلتھ ڈسپنسری میں گزشتہ چھ ماہ سے وارڈ اردلی اور بہشتی کی آسامیاں خالی ہیں تاہم ابھی تک ان خالی آسامیوں پر نئی بھرتی نہیں کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا، ‘ہم نے اس شرط پر ڈسپنسری کے قیام کے لئے اتنی بڑی زمین دی تھی کہ مذکورہ ہیلتھ ڈسپنسری میں کلاس فور کی تمام آسامیوں پر ان کے اپنے رشتہ دار بھرتی کئے جائیں گے تاہم اب افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے ان کی ڈسپنسری میں بہشتی اور وارڈ اردلی کی آسامیاں خالی ہیں جس کے بارے میں ڈی ایچ او اور دیگر متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ ان خالی آسامیوں پر ان کے افراد بھرتی کئے جائیں اور دونوں افراد گزشتہ چھ ماہ سے بغیر تنخواہ کے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
شریف گل آفریدی نے کہا کہ ستم ظریفی دیکھیں کہ ان کے افراد بھرتی کرنے کے بجائے باہر کے کسی ضلع سے مذکورہ بالا پوسٹوں پر دو افراد تعینات کر کے بھیجے گئے ہیں جن کو وہ یہاں کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ اگر اس معاملے میں ان کو انصاف نہیں ملا تو پھر وہ تین دن بعد احتجاج کریں گے، پھر بھی انصاف نہیں ملا تو ڈسپنسری کو تالے لگا دیں گے اور اس میں گھر بسائیں گے۔