دوتانی اور وزیر قبائل کے مابین جھڑپیں جاری، 5 افراد جاں بحق

جنوبی وزیرستان وانا میں دوتانی اور وزیر قبائل کے مابین جاری جھڑپوں میں اب تک 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق کرکنڑا علاقے میں دونوں قبیلوں کے درمیان جھڑپیں اب بھی جاری ہے اور لڑائی کو روکنے کے لیے جرگے سیمت تمام ترکوششیں ناکام ہوگئی ہے۔ دونوں قبیلوں کے درمیان زمین کا تنازعہ چلا آرہا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ 14 اگست کی شب دوتانی قبائل کے 300 مسلح لشکر نے کرکنڑا کے مقام پر وزیر قبائل کے گھروں پر دھاوا بولا تھا اور دوتانی قبائل نے کرکنڑا اور اس کے مضافاتی پہاڑی چوٹیوں پر قبضہ کرلیا ہے۔
جواب میں وزیر قبائل نے بھی ہنگامی طور پر 1400 افراد پر مشتمل لشکرکرکنڑا روانہ کردیا اور وزیر قبائل کے مسلح افراد نے دوتانی قبائل کا محاصرہ کررکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں اطراف سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال جاری ہے جس سے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع کے خدشہ ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ انتظامیہ کی بھرپور کوششوں کے باوجود تاحال دونوں قبائل کے مابین مسلح جھڑپیں جاری ہیں۔