ایف ڈی ایم اے کا قبائلی علاقوں کے متاثرین کیلئے رمضان پیکج کا اعلان

فاٹا ڈزاسٹر منیجمینٹ اتھارٹی ( ایف ڈی ایم اے ) نے قبائلی علاقوں کے متاثرین کو رمضان پیکج دینے کا اعلان کر دیا۔
ایف ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق غذائی مواد پر مشتمل رمضان پیکج کے اس اعلان پر فوری طور پر عمل درآمد کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔
ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ مختلف قومی اور بین الااقوامی امدادی ایجنسیوں کے تعاون سے ایف ڈی ایم اے نے بکاخیل کیمپ میں مقیم شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے مختلف غذائی اشیاء پر مشتمل 2040 خاندانوں کو رمضان پیکج دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے مزید 1560 متاثرہ خاندانوں کو بھی اس قسم کا پیکیج دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ہلال احمر پاکستان کے تعاون سے پانچ قبائلی اضلاع میں سے ہر ضلع میں ڈھائی ہزار خاندانوں میں خشک گوشت کے پارسل تقسیم کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے متاثرہ خاندانوں کو سولہ ہزار کلو گرام کجھور بھی دیے جا ئینگے جبکہ جنوبی وزیرستان کے ایک ہزار خاندانوں میں بھی خصوصی پیکج تقسیم کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی ایم اے سہیل خان نے اپنے ماتحت عملے کو ہدایت کی ہے کہ رمضان میں متاثرین کو ہر ممکن ریلیف پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں برائے کار لائی جائیں تاکہ اس مبارک مہینہ میں بے گھر اور بے سہارا لوگوں کی مشکلات کم سے کم کی جا سکیں۔