مذاکرات کامیاب، کسٹم کلیئرنس ایجنٹوں کی ہڑتال ختم، طورخم میں تجارتی سرگرمیاں لوٹ آئیں
طورخم کسٹم ایجنٹس کے صدر زرقیب شینواری نے پشاور میں کسٹم کلکٹر جدون کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی تصدیق کی اور کہا کہ حکام ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔

پاک افغان سرحد طورخم پر کسٹم کلکٹر کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد کلیئرنس ایجنٹوں نے گزشتہ پانچ روز سے جاری اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
طورخم کسٹم ایجنٹس کے صدر زرقیب شینواری نے پشاور میں کسٹم کلکٹر جدون کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی تصدیق کی اور کہا کہ حکام ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے پر آمادہ ہوگئے ہیں۔
مذاکرات کی کامیابی اور اس کے نتیجے میں ختم ہونے والی ہڑتال کے بعد طورخم سرحد کے دونوں اطراف تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مال بردار گاڑیوں کی رفت آمد بھی شروع ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ طورخم سرحد پر کلیئرنس ایجنٹوں کی جانب سے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال گزشتہ 5 دنوں سے جاری تھی، انہوں نے دھمکی دی تھی کہ مطالبات کی منظوری تک ان کی ہڑتال جاری رہے گی۔
ہڑتال کے باعث سرحد کے دونوں اطراف نہ صرف مال بردار گاڑیوں میں لدے اشیائے خوردونوش کے ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا بلکہ معمول کی تجارتی سرگرمیاں بھی معطل ہوکر رہ گئی تھیں۔