قبائلی اضلاع
جمرود: اراضی تنازعہ پر فریقین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ، 2 افراد جاں بحق 2 زخمی
لیویز ذرائع کے مطابق جمرود کے علاقہ خرکئی آباد میں اراضی تنازعہ کو حل کرنے کے لئے دو فریقین کے مابین جرگہ منعقد تھا جس کے دوران تکرار کے بعد مخالفین نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیا ۔

قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں اراضی تنازعہ پر دو فریقین کے مابین فائرنگ تبادلہ میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
لیویز ذرائع کے مطابق جمرود کے علاقہ خرکئی آباد میں اراضی تنازعہ کو حل کرنے کے لئے دو فریقین کے مابین جرگہ منعقد تھا جس کے دوران تکرار کے بعد مخالفین نے ایک دوسرے پر فائر کھول دیا جس کے نتیجہ میں ایک فریق سے رامبیل اور دوسرے فریق سے راویل لگ کر جاں بحق ہوگئے جبکہ خاتون سمیت 2 زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کےلئے پہلے تحصیل ہیڈ کوارٹر اور بعد ازاں پشاور کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے مابین کچھ عرصہ قبل اراضی فروخت کرنے پر تنازعہ کھڑا ہوا تھا جس کو حل کرنے کےلئے متعدد جرگے ہوئے لیکن تمام بے سود ثابت رہیں جبکہ آج منعقدہ جرگہ میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ رونما ہوا۔