جنوبی وزیرستان، بیرمل کی 7 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم تعطل کا شکار
تین روز قبل عمائدینِ علاقہ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ جس کسی نے بھی اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے ان کے خلاف احمدزئی وزیر کے چار بڑے قبائل ملکر کارروائی کریں گے۔

جنوبی وزیرستان کی تحصیل بیرمل کی سات یونین کونسلوں کے عمائدین کو پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کیے ہوئے آج تیسرا دن ہے۔
تین روز قبل عمائدینِ علاقہ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا تھا کہ جس کسی نے بھی اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے ان کے خلاف احمدزئی وزیر کے چار بڑے قبائل ملکر کارروائی کریں گے۔
قبائلی مشران کے اس سخت فیصلے کے باعث بیرمل تحصیل کے کسی ایک خاندان نے بھی اپنے بچوں کو پلویو قطرے نہیں پلوائے جس کی وجہ سے علاقے میں حالیہ تین روزہ انسداد پولیو مہم تعطل کا شکار رہی۔
قبائلی مشران کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ موبائل نیٹ ورک کی بحالی سمیت علاقے کو بجلی کی سہولت فراہم کرے جبکہ قبائل کو جنگلات کی خشک لکڑی کاٹنے کی اجازت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ موبائل سروس کی معطلی کے باعث انہیں رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کاروباری دشواریوں کے ساتھ ساتھ پانی کا بڑا مسئلہ درپیش ہے۔
انہوں نے دھمکی دی کہ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت پاک افغان شاہراہ بند اور مستقل احتجاجی دھرنے کا آغا زکردیں گے۔