سرائے درپہ خیل کے ٹیلیفونز دو روز سے خاموش، مکینوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع
علاقہ مکینوں نے حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب علاقے میں تاحال موبائل سروس بحال نہ کیا جاسکا جبکہ دوسری جانب رابطوں کا واحد ذریعہ پی ٹی سی ایل بھی گزشتہ دو دنوں سے منقطع ہے۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقہ سرائے درپہ خیل میں ٹیلی فون لائن کٹنے سے مکینوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق گزشتہ دو روز سے ٹیلیفون لائن خراب ہے جس کی وجہ سے ان کا اپنے عزیز و اقارب اور دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہے، فون لائن کٹنے کے باعث انہین شدید مشکلات کا سامنا ہے، کئی بار متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں دو روز قبل محکمہ پی ٹی سی ایل کو اپنی شکایت بھی درج کرائی تھی لیکن تاحال محکمہ کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
علاقہ مکینوں نے حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب علاقے میں تاحال موبائل سروس بحال نہ کیا جاسکا جبکہ دوسری جانب رابطوں کا واحد ذریعہ پی ٹی سی ایل بھی گزشتہ دو دنوں سے منقطع ہے۔
مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ نہ صرف اُن کے مسئلے کو جلد سے جلد حل کیا جائے بلکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے کہ کیوں اُنہوں نے تاحال ٹیلی فون سروس بحال نہیں کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ علاقے میں موبائل سروس سمیت انٹرنیٹ کی سہولت بھی بحال کی جائے کیونکہ بد امنی اور آپریشن کے باعث وہ زندگی کے تمام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔