مومند اور شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے، کیپٹن شہید، چار اہلکار زخمی
پچیس سالہ کیپٹن زرغم فرید اور سپاہی ریحان پاک افغان بارڈر کے قریب مومد گٹ کے علاقے میں بارودی سرنگ ناکارہ بنارہے تھے کہ اچانک بارودی مواد پھٹ پڑا

قبائلی ضلع مہمند میں بارودی سرنگ ناکارہ بنانے کے دوران دھماکے سے پاک فوج کے کیپٹن زرغم فرید شہید جبکہ سپاہی ریحان زخمی ہوئے ہیں۔
پاک فوج تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آرکے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ پچیس سالہ کیپٹن زرغم فرید اور سپاہی ریحان پاک افغان بارڈر کے قریب مومد گٹ کے علاقے میں بارودی سرنگ ناکارہ بنارہے تھے کہ اچانک بارودی مواد پھٹ پڑا جس سے کیپٹن زرغم فرید موقع پر شہید جبکہ سپاہی ریحان زخمی ہوئے۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی سیکیورٹی اہلکاروں کی گشتی پارٹی پر بھی بم حملہ کیا گیا ہے جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق رزمک تحصیل کے علاقے گڑیوم میں سیکیورٹی اہلکار اپنی معمول کی گشت پر روارن تھے کہ اس دوران سڑک میں پہلے سے رکھے گئے بارودی پھٹ گئے جس کے باعث قاسم ، امجد اور ظہیر نامی اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان میں آج تباہی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا، زرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آج نائی پاس روڈ پر سڑک میں رکھے گئے بارودی مواد کو برآمد کرکے ناکارہ بنادیا۔
واضح رہے کہ چند روز پہلے بھی دتہ خیل کے علاقے میں بارودی مواد کے پھٹنے سے ایک اہلکار جاںبحق جبکہ ایک زخمی ہواتھا۔