قبائلی اضلاع

فاٹا اصلاحات میں تاخیر، ٹرائبل یوتھ موومنٹ کا اسلام آباد تک پیدل مارچ کا اعلان

تنظیم کے مرکزی صدر شوکت عزیز نے کہا کہ مختلف طریقوں سے مراعات یافتہ طبقے کو اصلاحات کیخلاف اکسایا جا رہا ہے تاکہ اس عمل کو مزید سست کیا جائے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

ٹرائبل یوتھ موومنٹ نے فاٹا اصلاحات میں تاخیر اور قبائلی طلباء کو درپیش مسائل حل نہ کیے جانے کیخلاف اسلام آباد تک پیدل مارچ کا اعلان کر دیا۔

اس سلسلے میں آج پشاور میں ٹرائبل یوتھ موومنٹ کا اجلاس ہوا جس میں مرکزی صدر شوکت عزیز،  نائب صدر مرتضی محسود ، فنانس سیکرٹری محمد ادریس ، فیصل منگل ، عبدالرحیم ، ذاھد اوکزئی اور دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں اصلاحات پر عمل درآمد، وفاقی اور صوبائی حکومت کے وعدوں سمیت قبائلی طلباء کو درپیش مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی۔

اس موقع پر تنظیم کے مرکزی صدر شوکت عزیز نے کہا کہ مختلف طریقوں سے مراعات یافتہ طبقے کو اصلاحات کیخلاف اکسایا جا رہا ہے تاکہ اس عمل کو مزید سست کیا جائے جو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت نے قبائلی عوام سے جو وعدے کیے وہ محض زبانی جمع خرچ تک محدود ہیں۔

اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ٹرائبل یوتھ موومنٹ سینکڑوں نوجوانوں کو لیکر اپنے حق کیلئے پشاور سے اسلام آباد تک پیدل مارچ کریگی اور اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا دے گی۔

اجلاس میں 5 نومبر کو قبائلی طلباء کے تعلیمی کوٹہ کے حوالے سے تمام قبائلی اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button