قبائلی اضلاع کیلئے دس سالہ معاشی و سماجی منصوبہ بندی کا فیصلہ
پلان کی تیاری اور منصوبے پر عملدرآمد کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سربراہی میں ایک 11 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جسے 12 تکنیکی ماہرین کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔

خیبرپختونخوا حکومت نے گزشتہ حکومت کی جانب سے منظور کردہ فاٹا اصلاحاتی بل کی روشنی میں قبائلی اضلاع کیلئے دس سالہ معاشی و سماجی منصوبہ بندی کا فیصلہ کر لیا۔
پلان کی تیاری اور منصوبے پر عملدرآمد کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سربراہی میں ایک 11 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جسے 12 تکنیکی ماہرین کی معاونت بھی حاصل ہوگی۔
کمیٹی ممبران میں صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سیفران، سابق گورنر اویس احمد غنی، قبائلی اضلاع کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، اسلام آباد سے فنانس و پلاننگ ڈویژن کا ایک ایک نمائندہ جبکہ ہیڈکوارٹر 45 انجینئرنگ ڈویژن اور ٹی ڈی پی منیجمنٹ اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کا ایک ایک نمائندہ شامل ہیں۔
علاوہ ازیں سابق چیف سیکرٹری ریاض نور اور قبائلی اضلاع کے پی اینڈ ڈی سیکرٹری بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
تکنیکی ماہرین میں تیمور سلیم جھگڑا، شکیل درانی، خالد عزیز اور مسرت قدیم کے علاوہ دیگر ماہرین شامل ہیں۔