اورکزئی: متاثرینِ ملاخیل قبیلے کی واپسی کا عمل 10 سال بعد شروع
ملاخیل متاثرین کی واپسی کا یہ عمل 26اکتوبرتک جاری رہے گاجن کے لئے انٹری چیک پوسٹ یخ کنڈو کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع اورکزئی کے دور افتادہ علاقہ ملاخیل قبیلے کے متاثرین کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر اپر تحصیل حیدر حسین کے مطابق دور افتادہ علاقہ ملاخیل کے 25 دیہاتوں کے متاثرین کی10 سال بعد اپنے علاقوں کو واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ گزشتہ روز الف خیل کلے ،ستر کلے، بقر گھڑی،کنز کلے،مانز گھڑی،اوڑے کلے اور دیگر دیہاتوں کے 1864 خاندان واپس جا چکے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ ملاخیل متاثرین کی واپسی کا یہ عمل 26اکتوبرتک جاری رہے گاجن کے لئے انٹری چیک پوسٹ یخ کنڈو کے مقام پر قائم کیا گیا ہے۔ انٹری چیک پوسٹ کے علاقے میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب واپس جانے والے متاثرین نے اورکزئی انتظامیہ کی جانب سے ناقص انتظامات پر شدید تنقید کی ہے۔ اس ضمن میں خیال خان، گل کمال اور اصغر خان نے متاثرین کو امداد نہ ملنے پر سخت احتجاج کیا۔