جنوبی وزیرستان: ایم این اے علی وزیر نے ایگری پارک وانا کا باقاعدہ افتتاح کردیا
ایم این اے محمد علی وزیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایگری پارک کے بننے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور اس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔

رکن قومی اسمبلی محمد علی وزیر نے ایگری پارک وانا کا باقاعدہ افتتاح کردیا اس موقع پر فروٹ منڈی، گوداموں اور دکانوں کی چابیاں بھی مالکان کے حوالے کردی گئیں۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وانا فہداللہ کے علاوہ سینکڑوں قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔
تقریب ست خطاب کرتے ہوئے ایم این اے محمد علی وزیر کا کہنا تھا کہ ایگری پارک کے بننے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور اس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری زرعی زمینوں سے حاصل ہونے والے پھلوں اور سبزیوں کو سٹور کرنے کےلئے مناسب جگہ نہ ہونے پر کافی مقدار میں سبزیاں اور پھل ضائع ہورہے تھے تاہم اب کاشتکاروں کی سبزیاں اور پھل محفوظ ہو جائیں گے۔
افتتاح کے موقع پر موجود قبائلی عمائدین نے علی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ علی وزیر دوسرے ترقیاتی کاموں کے لئے بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔