قبائلی اضلاع

حکومت کی عدم توجہی، ضلع اورکزئی کے طلباء اور اساتذہ نے سکول کی مرمت کا بیڑا خود اُٹھالیا

سینٹرل اورکزئی کے علاقہ کاشہ کے طلباء اور اساتذہ کا کہنا ہے بد امنی اور فوجی آپریشن کے دوران تباہ ہونے والے سکول کو تاحال دوبارہ تعمیر نہ کیا جاسکا۔

سٹیزن جرنلسٹ مصباح اتمانی

قبائلی ضلع اورکزئی کے علاقہ کاشہ میں طلباء اور اساتذہ نے تباہ ہونے والے گورنمنٹ مڈل سکول کی تعمیر و مرمت کا کام اپنی مدد آپ کے تحت شروع کردیا ہے۔

سینٹرل اورکزئی کے علاقہ کاشہ کے طلباء اور اساتذہ کا کہنا ہے بد امنی اور فوجی آپریشن کے دوران تباہ ہونے والے سکول کو تاحال دوبارہ تعمیر نہ کیا جاسکا۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں متعدد بار قبائلی نوجوانوں کی تنظیم نے اورکزئی کے ڈپٹی کمشنر سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا لیکن محکمہ تعلیم نے اُنہیں سکول کی بحالی کی یقین دہانی تو کرادی لیکن اس پر عملی کام شروع نہ کیا جاسکا۔

سکول کے طلباء کا کہنا ہے کہ سکول کی عمارت کافی خستہ حال ہے جو کسی بھی وقت حادثے کا شکار ہوسکتی ہے۔

سکول کے ایک استاد آصف نے ٹی این این کو بتایا ‘ہم نے خود سکول کی عمارت کا مسئلہ محکمہ تعلیم اور دیگر اعلیٰ حکام کے سامنے پیش کیا لیکن حکام ہر بار عمارت کی تعمیر و مرمت کی یقین دہانی تو کرادیتے ہیں لیکن عملی کارروائی نہیں ہوتی”۔

انہوں نے کہا کہ گاؤں میں سردی کا موسم شروع ہوچکا ہے اور بچوں کو سردی میں باہر کھلے آسمان تلے نہیں بٹھا سکتے جس کی بناء پر انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سکول کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشہ کے سرکاری مڈل سکول میں کم و بیش 220 طلبہ کو پڑھانے کےلئے 8 اساتذہ موجود ہیں،، یہ سکول 6 کمروں پر مشتمل ہے جن میں اکثر گرنے کی حالت میں ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button