جمرود: شیر خان قبیلے کا انتظامیہ کے خلاف احتجاج، لائن آفیسر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ
جمرود کے قبیلے شیر خان کے مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جمرود ایجوکیشن کے قریب اُن کی اراضی پر قبضہ کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں مقامی افراد نے انتظامیہ کی جانب سے اراضی پر قبضہ کئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ لائن آفیسر جمرود کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔
جمرود کے قبیلے شیر خان کے مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ جمرود ایجوکیشن کے قریب اُن کی اراضی پر قبضہ کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے، اس موقع پر مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں جمرود سے باب خیبر تک پرامن ریلی بھی نکالی جبکہ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھیں تھے جن پر اُن کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ اراضی پر سبزی منڈی قائم کرنے کےلئے قبضہ کیا گیا ہے جس پر تعمیراتی کام بھی شروع کردیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ اراضی کے عوض بعض افراد کو معاؤضے دیئے گئے ہیں لیکن اُنہیں ایک روپے بھی نہیں دیا گیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ اراضی کے عوض اُنہیں معاؤضہ یا مارکیٹ میں دکانیں فراہم کی جائیں بصورت دیگر وہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردیں گے۔