قبائلی اضلاع میں ڈینگی بے قابو، ایک مبینہ طور پر جاں بحق 166 متاثر
محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ارسال کردہ مراسلے میں ڈائریکٹر فاٹا ہیلتھ سروسز کو تاکید کی گئی ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں اور اضلاع کی سطح پر ڈینگی رسپانس یونٹ تشکیل دیے جائیں۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں ڈینگی نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا جہاں اس جاں لیوا وائرس کے باعث اب تک مبینہ طور پر ایک شخص جاں بحق جبکہ 166 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
محولہ بالا صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے ارسال کردہ مراسلے میں ڈائریکٹر فاٹا ہیلتھ سروسز کو تاکید کی گئی ہے کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں اور اضلاع کی سطح پر ڈینگی رسپانس یونٹ تشکیل دیے جائیں۔
ماہرین کے مطابق ڈینگی کا مرض ایک خاص قسم کے مچھر کے کاٹنے سے لاحق ہوتا ہے جو خون میں شامل سفید خلیوں پر حملہ آور ہوتے ہوئے انہیں آہستہ آہستہ ناکارہ بنا دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق شدید سر درد، 104 تا 105 بخار، جوڑوں اور پٹھوں خصوصا کمر اور پیروں میں شدید قسم کا درد ڈینگی کی علامات میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ڈینگی کے باعث اس سال یہ دوسرا مریض جاں بحق ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال 65 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سینکڑوں متاثر ہوئے تھے۔