باجوڑ، مصالحتی جرگہ کی کوششوں سے 22 سالہ دشمنی کا خاتمہ ہو گیا
مقامی لوگوں کے مطابق طوطا خان اور بہرام خان کے خاندانوں کے درمیان اراضی کے تنازعہ پر برسوں سے دشمنی چل رہی تھی جس میں عنایت اور شہاب نامی دو افراد لقمہ اجل بنے جبکہ متعدد فائرنگ سے زخمی بھی ہوئے تھے۔

باجوڑ میں قبائلی جرگہ کی کوششوں سے دو مکالف گروپوں کے درمیان 22 سال سے چلی ارہی دشمنی کا خاتمہ ہو گیا اور فریقین نے مستقبل میں خونریزی سے اجتناب اور امن سے رہنے کا اعلان کیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق طوطا خان اور بہرام خان کے خاندانوں کے درمیان اراضی کے تنازعہ پر برسوں سے دشمنی چل رہی تھی جس میں عنایت اور شہاب نامی دو افراد لقمہ اجل بنے جبکہ متعدد فائرنگ سے زخمی بھی ہوئے تھے۔
اس سلسلے میں آج تحصیل خار میں ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر عارف خان یوسفزئی، ملک محمد اکبر، ملک انور حسین، ملک ساز محمد، ملک غیاث الرحمٰن، سید احمد جان و دیگر قبائلی زعماء نے شرکت کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر و قبائلی عمائدن کا کہنا تھا کہ طاقت کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مذاکرات ہی تنازعات کا حل ہوتے ہیں۔
عارف خان یوسفزئی نے کہا کہ جرگہ سسٹم کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور اسی کے ذریعے مسائل و تنازعات حل کیے جائیں گے۔
اس موقع پر فریقین باہم بغلگیر ہوئے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں وہ امن و امان سے رہیں گے اور خونریزی سے ہر ممکن اجتناب کریں گے۔