باجوڑ، اساتذہ پولیو مہم میں مصروف، طلبہ سراپا احتجاج
طلبہ کے مطابق دو اساتذہ صاحبان پچھلے چوبیس تاریخ سے شروع کئے گئے پولیو مہم میں شریک ہیں اور تیسرا استاد کسی امتحان میں شرکت کے باعث سکول نہیں آرہے ہیں۔

قبائلی ضلع باجوڑ کے سرکاری پرائمری سکول خار ڈاگ قلعہ کے طلبہ نے اساتذہ کی غیر حاضری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ سکول کے سامنے احتجاج میں شریک طلبہ کا کہنا ہے کہ ان کے سکول میں پانچ سو تک بچے زیر تعلیم ہیں لیکن ان کے لئے صرف تین اساتذہ ہیں اور وہ بھی پچھلے چار دنوں سے سکول نہیں آرہے ہیں، جس کی وجہ سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہورہا ہے۔
طلبہ کے مطابق دو اساتذہ صاحبان پچھلے چوبیس تاریخ سے شروع کئے گئے پولیو مہم میں شریک ہیں اور تیسرا استاد کسی امتحان میں شرکت کے باعث سکول نہیں آرہے ہیں۔
طلبہ نے یہ الزام بھی لگایا کہ ان کے لئے سکول میں کھیلوں کا سامان لایا گیا ہے لیکن ان کو اس سامان سے محروم رکھا گیا ہے۔
مظاہرے میں شریک ایک بچے نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سکول کے کمروں کی چابیاں اساتذہ نے اپنے ساتھ رکھی ہیں اور چوکیدار کو صرف میں گیٹ کی چابی دی ہے، صبح کے وقت سکول کھولنے پر بچے اندر تو جاسکتے ہیں لیکن اس وقت وہ نہیں بیٹھ سکتے اور بستے بھی نہیں رکھ سکتے جب کمرے نہیں کھول جاتے۔
مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں یہ واحد سرکاری سکول ہے اور اس میں سہولیات کی کمی ہے۔
دوسری جانب باجوڑ کے ضلعی تعلیم سربراہ امراللہ نے بتایا کہ دو اساتذہ صاحبان آج پولیو کی ڈیوٹی پر مامور ہیں اور ان کے بدلے آج کے لئے سکول کو دو اور اساتذہ مہیا کئے گئے تھے اور سکول کے اپنے اساتذہ کل سے ڈیوٹی شروع کرینگے، لیکن مقامی لوگ کہتے ہیں کہ اساتذہ طلبہ کےاحتجاج کرنے کے بعد سکول کو آگئے اور اس وقت بچے گھروں کو لوٹ چکے تھے۔