شمالی وزیرستان، فائرنگ کے تبادلے میں 6 سیکیورٹی اہلکار شہید، 10 شدت پسند ہلاک
ذرائع کا کہنا ہے کہ وقوعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اپریشن شروع کر دیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اس بارے اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو افسران سمیت 6 اہلکار شہید جبکہ 10 شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کا دستہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے سیر ڈوگ میں معمول کی گشت پر تھا جب شدت پسندوں نے اچانک حملہ کرکے دو افسران سمیت چھ سیکیورٹی اہلکار شہید کر دیے۔
ذرائع کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی میں دس شدت پسند ہلاک ہوئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وقوعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اس بارے اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل بھی شمالی وزیرستان میں ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 5 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی واضح رہے کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد اگرچہ فاٹا بھر سے شدت پسندوں کا تقریباَ خاتمہ کر دیا گیا ہے تاہم بعض علاقوں خصوصاَ شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کی جانب سے کارروائیاں تواتر کے ساتھ سامنے آرہی ہیں۔
سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی پیش آتے رہے ہیں جن میں اب تک درجن سے زائد لوگ نشانہ بنایا گیا ہے۔